ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس اوربی جے پی صرف سامنے سے لڑتی ہیں اور پیچھے ایک دوسرے کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرتی ہیں؛ گوا میں اروند کجریوال کا بیان

کانگریس اوربی جے پی صرف سامنے سے لڑتی ہیں اور پیچھے ایک دوسرے کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرتی ہیں؛ گوا میں اروند کجریوال کا بیان

Wed, 29 Jun 2016 02:52:06  SO Admin   S.O. News Service

پنجی28جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینراروندکجریوال نے منگل کوگوا کے دوروزہ دورہ پر گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ گوا میں لوگوں نے بی جے پی اور کانگریس دونوں کو دیکھا ہے اور یہاں کے لوگ جان گئے ہیں کہ یہ دونوں پارٹیاں ایک ہی سکے کے دورُخ ہیں۔دونوں پارٹیاں سامنے سے لڑتی ہیں، لیکن پیچھے ایک دوسرے کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرتی ہیں۔دونوں پارٹیاں ساتھ ساتھ بہت اچھے سے چلتی ہیں لیکن لوگوں کو مشکلات آتی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی”مکمل طورپربدعنوان پارٹیاں“ہیں اور اب لوگوں کو اس بات کا احساس بھی ہو گیا ہے۔کجریوال نے کہا کہ ماضی میںلوگوں کے پاس کوئی متبادل پارٹی نہیں تھی۔مگراب عام آدمی پارٹی کے طور پر ان کے سامنے ایک آپشن ہے۔

کجریوال نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی گوا میں بھی دہلی کی انتخابی کارکردگی کودوہرائے گی اورآئندہ اسمبلی انتخابات میں ریاست میں40میں سے35سیٹوں پرجیت درج کرے گی۔کیجریوال نے ماہی گیروں برادری سے بات چیت کے بعد واسکو ٹائون میں نامہ نگاروں کوبتایاکہ عام آدمی پارٹی دونوں ہی پارٹیوں (کانگریس اور بی جے پی)کی امیدوں پرپانی پھیردے گی۔ہم40میں سے کم از کم35نشستیں جیت جائیں گے۔خیال رہے کہ کجریوال آج سے گوا کے دو روزہ دورے پرہیں۔گوامیں پارٹی کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے امیدوارکے سوال پرانہوں نے کہا کہ ہم یہ ذمہ داری اسی ریاست سے کسی کو دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس ریاست میں 20لاکھ لوگ رہتے ہیں۔گواکے شہریوں میں قیادت کی صلاحیت ہے۔میں یہاں ایک چھوٹا آدمی ہوں۔میں دہلی میں بیٹھ کر بہت زیادہ کچھ نہیں کر سکتا۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کی شبیہ عام آدمی پارٹی سے بڑی بن رہی ہے، انہوں نے کہاکہ کجریوال اہم نہیں ہے،بلکہ یہ پارٹی اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی گوا میں دہلی کی تاریخ دوہرائے گی کیونکہ لوگ اس پارٹی کی حمایت کریں گے اور کانگریس اور بی جے پی کومستردکردیں گے۔


Share: